اسلام آباد(سچ خبریں) صدر عارف علوی نے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے متعلق پیغام دیا ہے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ کو ٹیلی فون کیا ہے۔صدر مملکت نے کانفرنس کے شرکاء کو ایوان صدر کی طرف سے حمایت کی یقین دہانی کروائی۔اگلی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس ایوان صدر میں منعقد کرنے کی پیشکش کی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آئندہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس ایوانِ صدر میں ہو گی۔خیال رہے کہ مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (آج) بدھ کو اسلام آباد میں ہو گی ،آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد وزارت آمور کشمیر و گلگت بلتستان کر رہی ہے،آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی مشیر آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کریں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کانفرنس میں آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم شرکت کریں گے، کانفرنس میں آزاد کشمیر کے سابق صدور، سابق وزیراعظم اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے، کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا، آل پارٹیز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی بھی طے کی جائے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہےکہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر فرضی بنیادوں پر 19 مئی 2022 کو فرد جرم عائد کی گئی جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بنیادی حقوق کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر غیر قانونی مقدمے کے حوالے سے ایمنسٹی انٹرنیشنل، اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق، ہیومن رائٹس واچ نیویارک اور ہیومن رائٹس واچ پاکستان کو بھیجے گئےخط میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پرفرضی بنیادوں پر 19 مئی 2022 کو فرد جرم عائد کی گئی جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بنیادی حقوق کے اصولوں کے خلاف ہے۔