اسلام آباد:(سچ خبریں) بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے منظوری کے بعد 5 میں سے 4 نئے اضلاع کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جن میں وزیر آباد، مری، کوٹ ادو اور تلہ گنگ شامل ہیں۔
پانچواں ضلع تونسہ شریف کا نوٹیفکیشن فورٹ منرو تحصیل کی از سر نو تشکیل کے بعد آئندہ ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ سیاستدانوں نے صوبائی حکومت سے رابطہ کر کے مطالبہ کیا تھا کہ تحصیل فورٹ منرو کو ضلع ڈیرہ غازی خان سے منسلک کیا جائے جو کہ صرف 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جبکہ یہ تحصیل تونسہ شریف سے 100 کلومیٹر سے زیادہ دور ہے۔
انہوں نے شکایت کی تھی کہ علاقے کی بڑی آبادی کا اپنے مسائل کے حل کے لیے تونسہ شریف کا رخ کرنا نسبتاً ناقابل عمل ہوگا۔
بورڈ آف ریونیو آئندہ ہفتے کے اوائل میں فورٹ منرو کو تونسہ شریف کی بجائے ڈیرہ غازی خان کے ساتھ منسلک کرنے کی سمری پیش کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب حکومت نئے اضلاع میں مکمل ضلعی انتظامی سیٹ اپ قائم کرنے کی پابند ہو گی۔
ہر ضلع میں تمام صوبائی محکموں کے ضلعی دفاتر ہوں گے اور ہر ضلع کو اس کے انتطامی معاملات کے لیے علیحدہ بجٹ بھی ملے گا۔
نئے لوکل گورنمنٹ سیٹ اپ میں نئے اضلاع میں ضلعی کونسلیں ہوں گی اور اس کے لیے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایت پر 5 نئے اضلاع بنانے کی منظوری دی تھی۔
بورڈ آف ریونیو کے سینئر رکن زاہد اختر زمان نے اجلاس میں پنجاب میں نئے اضلاع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔