لاہور (سچ خبریں) پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے ، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد تک جاپہنچی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ایک ہزار 295 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 418,197 ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے ، گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کرونا کی مجموعی مثبت شرح 7.0 فیصد ریکارڈ کی گئی۔سیکرٹری صحت عمران سکندر بلوچ نے بتایا کہ لاہور میں مثبت شرح 11 فیصد، راولپنڈی میں 7 فیصد اور فیصل آباد میں 11 فیصد ، ملتان میں 7 فیصد اور گوجرانوالہ میں 5 فیصد مثبت شرح ریکارڈ کی گئی۔
عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 1,295 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد کرونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 418,197 ہو گئی۔سیکرٹری صحت کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 14 اموات اور صوبہ بھر میں کورونا 28 اموات رپورٹ ہوئیں ، جس کے بعد صوبہ بھر میں اموات کی کل تعداد 12,317 ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18,399 ٹیسٹ کئے گئے، صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر 7,126,783 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں 676 اور راولپنڈی میں 95 کیسز، فیصل آباد میں 87، ملتان میں 68، رحیم یار خان میں 57 اور شیخوپورہ میں 35 کیسز رپورٹ ہوئے۔