لاہور(سچ خبریں) پنجاب میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر کے قانون میں تبدیلی کردی گئی، محکمہ سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین اب 55 سال کی عمر سے قبل ریٹائرمنٹ نہیں لے سکیں گے، 25 سال کی ملازمت پر ریٹائرمنٹ نہیں ملے گی۔ نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر کے قانون میں تبدیلی کردی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت پنجاب میں سرکاری ملازمین 55 سال کی عمر سے قبل ریٹائرمنٹ نہیں لے سکتے، پہلے قانون تھا کہ سرکاری ملازمین 25 سال ملازمت کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ کیلئے اپلائی کرسکتے تھے اور ان کو ریٹائرمنٹ بھی مل رہی تھی لیکن اب سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر کے قانون میں تبدیلی کردی گئی جس کے باعث سرکاری ملازمین 25 سال کی ملازمت پوری کرنے کے باوجود ریٹائرمنٹ نہیں سکتے، جب تک ان کی عمر 55 سال نہ ہوجائے۔
یاد رہے ایک رپورٹ کے مطابق 10 نومبر کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 55 سال سے کم عمر اساتذہ کی ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن منسوخ کردیئے تھے۔ پنجاب بھر میں حکومتی حکم نامہ کے بعد 235 اساتذہ نے پالیسی کے خلاف ریٹائرمنٹ حاصل کی تھی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ اساتذہ کی ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن منسوخ کردیئے ہیں اور اساتذہ کو متعلقہ اتھارٹیز کو رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ مذکورہ اساتذہ میں لاہور کے بھی پانچ اساتذہ شامل ہیں، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کیلئے 25 سال سروس اور کم سے کم عمر 55 سال ہونا لازمی ہے، حکومتی پالیسی کے خلاف کسی اساتذہ کو ریٹائرمنٹ نہیں دی جاسکتی۔