اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان نے انگیج افریقہ پالیسی کے سلسلے میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی، پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقہ میں متعین ہائی کمشنر مظہر جاوید نے معاہدے پر دستخط کیے، دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کمیشن قائم ہو گیا اسے دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین “مشترکہ کمیشن” قائم کر دیا گیا ہے، دونوں ممالک نے پریٹوریا میں مشترکہ کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقہ میں متعین ہائی کمشنر مظہر جاوید نے معاہدے پر دستخط کیے، جب کی جنوبی افریقہ کی جانب سے وزیر بین الاقوامی تعلقات و تعاون ڈاکٹر نیلیدی پینڈور نے دستخط کیے۔
یہ مشترکہ کمیشن تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں وسعت کی ادارہ جاتی حکمت عملی میں معاون ہوگا، کیے گئے معاہدے کے تحت تمام امور پر مؤثر جائزہ، نگرانی اور وسیع تر تعاون کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
معاہدے کے تحت دوطرفہ سطح پر قابل تجدید توانائی، زراعت، صحت اور اعلیٰ تعلیمی شعبہ جات میں تعاون بڑھایا جائے گا، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی روابط میں بھی وسعت لائی جائے گی۔مشترکہ کمیشن کے اجلاس ہر 2 سال بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ میں منعقد ہوں گے۔