اسلام آباد:(سچ خبریں) ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے ایمنسٹی اسکیم 31 دسمبر کو ختم ہونے پر وفاقی حکومت نے نادرا کو انہیں بلیک لسٹ کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔
وزارت داخلہ نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم کی میعاد ختم ہونے کے بعد سہولیات میں توسیع نہ کی جائے۔
وزارت نے نادرا کو اُن غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کرنے کی بھی ہدایت کی جو اسکیم کی میعاد ختم ہونے کے بعد ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستان میں مقیم ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے خط میں بتایا گیا کہ بلیک لسٹ میں غیر ملکیوں کے نام شامل کرنے سے پہلے انہیں ملک چھوڑنے کی ایک بار اجازت دی جائے گی لیکن ان کی ملک چھوڑنے کی درخواستوں کا عمل حتمی تاریخ سے قبل واجب الادا جرمانے کی ادائیگی کے بعد شروع ہوگا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یکم جنوری سے پاکستان میں زائد عرصے سے مقیم غیر ملکیوں سے جرمانہ وصول کیا جائے۔
وزارت نے نادرا کو غیر ملکیوں کو ملک سے باہر جانے کی اجازت پر جرمانے وصول کرنے کے لیے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں تبدیلی کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزارت داخلہ نے پاکستان میں زائد عرصے سے مقیم غیر ملکیوں کو ویزے کی مدت مکمل ہونے کے بعد ملک سے روانگی کے اجازت نامے جاری کردیے۔
یہ اجازت نامے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے اُن غیر ملکیوں کو جاری کیے جاتے ہیں جو ایک سال سے زائد عرصے تک پاکستان میں مقیم ہیں، جبکہ مینوئل اجازت نامہ ان لوگوں کو جاری کیا جاتا ہے جو جرمانے ادا کرکے ایک سال سے زائد عرصے تک قیام کرچکے ہیں۔
وزارت کی جانب سے بھارتی اور صومالی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ وزارت میں خود جاکر درخواست دیں۔ خیال رہے حکام نے بتایا تھا کہ جولائی کو پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے جنرل اسکیم جاری کی تھی۔