اسلام آباد: (سچ خبریں) نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار، متحرک اور وقت کی آزمائش پرپورا اترنے والے دوستانہ تعلقات اور کثیرالجہتی شراکت داری قائم ہے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا کہ قومی معیشت کے بحالی اور اصلاحات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے مضبوط اقتصادی گورننس یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے جیانگ ژائی ڈونگ کو پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر کے طور پر تعیناتی پر مبارک باد دی اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار، متحرک اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والے دوستانہ تعلقات کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔
نگران وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں میں بیش قیمت معاونت فراہم کرنے پر چین کا شکریہ بھی اداکیا۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے چینی سفیر کو بتایا کہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے مضبوط اقتصادی گورننس یقینی بنائی جا رہی ہے۔
چین کے سفیر نے اقتصادی اصلاحات اور معیشت کی بحالی اور اس کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات میں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی رابطوں اور اقتصادی ترقی کے تناظر میں ان منصوبوں کی تزویراتی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
فریقین نے اقتصادی خوش حالی اور ترقی کے فروغ کے لیے چین اور پاکستان کے درمیان کثیرالجہتی شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔