لاہور/کوئٹہ(سچ خبریں) ملک بھر میں کورونا وائرس کے تحفظ کے لئے ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے تا ہم پاکستان کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن نہ کرانے کے ناخوش گوار نتائج نکلنا شروع ہو گئے۔اس سلسلے میں بعض شہروں میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور متروکہ وقف املاک بورڈ میں ویکسینیشن نہ کرانے پر 504 ملازمین کی تنخواہیں رک گئیں، ان ملازمین نے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرائے تھے۔متروکہ وقف املاک بورڈ نے 504 ملازمین کی اگست کی تنخواہ روکنے کا سرکلر جاری کر دیا، بورڈ کا کہنا تھا کہ بورڈ کے 1660 میں سے 1156 ملازمین نے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرائے۔
ادھر بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں کرونا ویکسینیشن نہ کرانے والوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں پیٹرول پمپس پر بینر آویزاں کیے گئے ہیں جن پر لکھا گیا ہے کہ ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا۔رپورٹس کے مطابق اب کوئٹہ شہر میں کرونا ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو پیٹرول فراہم کرنے پر پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے بھی فیصلہ کیا تھا کہ یکم ستمبر سے ویکسنیشین نہ کروانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا، لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول پمپس پر بینر آویزاں کر دیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ یکم سمتبر سے کرونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا۔