اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں کے ای آفس پر کام کرنے میں عدم دلچسپی، احکامات کی عدم تعمیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزارت آئی ٹی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی)کو جامع رپورٹ تیار کرکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژنز نے ای آفس پر کام کرنے میں عدم دلچسپی ظاہر کی ہے، وزیراعظم کی بارہا ہدایت کے باوجود ’ای آفس‘ کے احکامات پر تعمیل نہیں ہوسکی، وزیراعظم نے وفاقی حکومت میں ’ای آفس‘ عملدرآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے وزارتوں کے مابین خط و کتابت کے لیے ’ای آفس‘ کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا ہے، وزیراعظم آفس نے ’ای آفس‘ کے نفاذ پر تمام وزارتوں، ڈویژنز کو ایک بار پھر مراسلہ ارسال کردیا۔
جاری مراسلے کے مطابق تمام قسم کی وزارتوں کے مابین خط و کتابت کو خصوصی طور پر ’ای آفس‘ کے ذریعے یقینی بنایا جائے، فزیکل کمیونیکیشن کو مسترد کرکے ’ای آفس‘ کے ذریعے خط و کتابت کو دوبارہ جمع کرایا جائے، وزارت آئی ٹی اور اس کے ذیلی ادارے (این آئی ٹی بی) ’ای آفس‘ کے استعمال پر جامع رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم آفس کو جمع کرائیں۔
علاوہ ازیں رپورٹ میں وزارتوں میں ’ای آفس‘ کی تعمیل سے متعلق تفصیلی اعدادوشمار شامل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ وفاقی وزارتوں میں وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کا ای آفس بیوروکریسی کے لیے درد سر بن گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 25 فیصد افسران کے لاگ ان ہونے کے بعد سسٹم خود بخود لاگ آؤٹ ہوجاتا ہے، سسٹم میں ہوسٹنگ اور کیپسٹی کے مسائل سے ای آفس کئی گھنٹوں تک ڈاؤن رہتا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم آفس اس موضوع پر پہلے بھی وفاقی وزارتوں کو 27 مارچ 2024، 17 اگست 2024 اور 18 ستمبر 2024 کو مراسلے تحریری طور پر لکھ چکا ہے تاہم اس بار ای آفس کے استعمال پر زور دینے کے لیے مراسلہ میں سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔