تہران(سچ خبریں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئےجہاں ان کا استقبال کیا گیا تہران میں وہ اپنے ہم منصب سمیت ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف دوسرے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے، تہران میں پاکستانی سفیر اور ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایرانی ہم منصب سمیت ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تہران میں منعقدہ ہمسایہ ممالک کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، شاہ محمود علاقائی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وزیر خارجہ دورہ ایران کے دوران میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے اور ان کے سامنے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اس سے قبل اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔