اسلام آباد (سچ خبریں) قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے حقائق بیان نہیں کیے جس کی وجہ سے آج یہ اپوزیشن میں اور تحریک انصاف حکومت میں ہے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں چھوڑ کر گئی ہے جس کا اس نے نقشہ بھی نہیں دیا اور ہمیں خود یہ سرنگیں ڈھونڈنی پڑیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ماضی کی باتیں اس لیے یاد دلاتے ہیں کہ وہ حقائق کو تور مروڑ کر پیش کرتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال چکی تھی، انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں‘۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’لیگی حکومت کے دور میں پلاننگ کمیشن کی 2018 کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ موجودہ حکومت اور سابقہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس ملک کا بیڑا غرق کیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’قائد حزب اختلاف نے کہا تھا کہ جھوٹ بولنے پر جھک کر معافی مانگوں گا، انہیں یہیں چٹائی بچھا کر سجدہ کرنا چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے‘۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 4 ہزار میگاواٹ کی قابل تجدید توانائی کو ختم کیا کیونکہ یہ ایل این جی لانا چاہتے تھے لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے ان تمام قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو بحال کیا، شمسی توانائی کے منصوبوں کے ٹیرف انہوں نے 23 سے 24 روپے فی یونٹ طے کیے تھے اور عمران خان کی حکومت اسے 6.5 روپے فی یونٹ پر لے آئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے گردشی قرضوں کے بارے میں بات کی، کارخانہ لگا کر بجلی پیدا کریں کوئی خریدے یا نہ خریدے کرایہ دینا پڑتا ہے، 2013 میں ان کی حکومت آئی تو ادائیگی 185 ارب روپے تھی، 2018 میں یہ 468 ارب روپے ہوگئی اور رواں سال 860 ارب روپے صلاحیتی ادائیگی تک جائیں گی اور 2023 تک ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے صلاحیتی ادائیگی 1455 ارب روپے تک جاسکتی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ وہ بارودی سرنگیں ہیں، کیا یہ معیشت کا دیوالیہ نکال کر نہیں گئے؟‘انہوں نے کہا کہ ’نندی پور پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے پی ایس او کو قابل ادا 62 ارب روپے کسی اور مد میں لگادیئے گئے، اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا‘۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ’یہ گرشی قرضوں کے بہاؤ کی بات کرتے ہیں، رواں سال یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے 118 ارب روپے کم ہے‘۔انہوں نے بتایا کہ 2 سالوں میں 49 ارب روپے ہم نے ٹرانسمیشن لائنز پر سرمایہ کاری کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’2017 میں پنجاب حکومت نے چوتھا ایل این جی پلانٹ 1200 میگا واٹ کا بغیر کسی قانونی مسائل حل کیے منظور کیا، بجلی کے اداروں نے حکومت کو لکھا کہ ایسا نہ کریں یہ پلانٹ سال میں 90 فیصد نہیں چلے گا مگر پھر بھی انہوں نے بنایا‘۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ’دشمن بھی جنگ کے بعد نقشہ دے دیتے ہیں کہ بارودی سرنگ کدھر ہیں، انہوں نے نقشہ بھی نہیں چھوڑا اور ہمیں خود یہ سرنگیں ڈھونڈنی پڑیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایل این جی کے معاہدے میں انہوں نے طے کیا کہ 70 فیصد لینا ہی ہوگا اور نہ لیا تو بھی ادائیگی کرنی ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’قطر کے ساتھ 13.37 فیصد پر 5 سالوں کا معاہدہ کیا، 11 ماہ بعد دوسرے ٹرمینل کا 11.99 فیصد پر معاہدہ کیا، ان سب چیزوں کا اثر سالانہ 50 ارب روپے کا پڑ رہا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’قطر کے ساتھ نیا معاہدہ کر رہے ہیں اور پہلے سے کم نرخوں پر کیا ہے جس سے ملک کو 3 ارب 50 کروڑ ڈالر 10 سالوں میں ہوگی‘۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایل این جی کو پیٹرولیم مصنوعات میں قرار دیا جبکہ وہ گیس ہے، آج اس کی وجہ سے 300 سے 350 ارب روپے کا گردشی قرضہ اس کی وجہ سے بڑھ گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جی آئی ڈی سی کا 295 ارب روپے ہم فائلوں میں ڈھونڈتے رہے مگر ہمیں نہیں ملا اور پھر کہتے ہیں کہ ہم معصوم ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مسلم لگ (ن) نے اپنے کھانچے لگانے کے لیے عوام کو سیکڑوں اربوں کا ٹیکہ لگایا ہے، اتنا تو کوئی مچھلی بھی نہیں نگل سکتی اور نگل لے تو کم از کم ڈکار تو مارے، مگر یہاں ڈکار بھی نہیں مارا جارہا‘۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو 23 ارب ڈالر کا ٹیکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت لگاکر گئی جس کا ملک کو کچھ فائدہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس کی وجہ سے آج ہم جو بیرون ذرائع سے رقم حاصل کرتے ہیں اس کا 90 فیصد حصہ ہمیں سود کی مد میں ادا کرنا پڑتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کم مدتی قرضے لیے، اس رجحان کو تحریک انصاف کی حکومت نے ٹھیک کیا ہے‘۔