لاہور: (سچ خبریں) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے فیصلے کے خلاف لارجر بینچ بنانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔
عمران خان کی الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے شہری محمد جابر عباس کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں، کسی کو نااہل کرنے کا اس کے پاس اختیار نہیں ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت، الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
اس دوران عدالت عالیہ نے درخواست گزار کی معاملے پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے لارجر بینچ کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
گزشتہ دنوں توشہ خان ریفرنس میں نااہلی کے بعد عمران خان کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے لیے ایڈووکیٹ محمد آفاق کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
ایڈووکیٹ محمد آفاق کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں عمران خان، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا ہے اور قانون کے مطابق نااہل شخص پارٹی چیئرمین کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے-95 سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔
انہوں نے استدعا کی کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹائے اور الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دے۔
آج لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل مرزا نصر احمد نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت طلب کی۔
اس ساتھ ہی عدالت عالیہ نے درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔