پشاور: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اپنے عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں، صوبے کے گورنر غلام علی نے ان سے حلف لیا، ان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاورمیں ہوئی جہاں حلف برداری کی تقریب میں چیف سیکرٹری، چیف جسٹس ہائیکورٹ، آئی جی پولیس سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہوئیں جب کہ حلف برداری کی تقریب سے قبل نگراں وزیراعلیٰ کی جانب سے نگراں کابینہ تحلیل سے متعلق سمری پر گورنر غلام علی نے دستخط کرکے کابینہ تحلیل کرنے کی منظور دی۔
بتایا جارہا ہے کہ قائدِ ایوان منتخب ہونے کے لیے علی امین کے حق میں 90 ووٹ پڑے، ان کے مخالف امیدوار پاکستان مسلم لیگ ن کے عباد اللہ خان 16 ووٹ حاصل کرسکے، اس موقع پر نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزاد حیثیت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بننے پر دکھ ہے، ایک ہفتے کی مہلت ہے جس ایف آئی آر کا ثبوت نہیں وہ ختم کریں، اپنی اصلاح کریں اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی فلور میں اپنے پہلے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تمام ارکان سے کرپشن نہ کرنے کا قرآن پاک پرحلف لیا اور کہا کہ ارکان کھڑے ہو کر قرآن پرحلف دیں نہ کرپشن کریں گے نہ کرنے دیں گے اور جوکرپشن کرے گا ہم اسے نہیں چھوڑیں گے، میں دیکھتا ہوں کس میں پیسے لوٹنے کی جرات ہے، اگر ہم نے یہ جہاد کرلیا تو90 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا جلد صاف و شفاف اوپن ٹرائل کیا جائے، ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ کسی فسطائیت میں نہیں ہوا، ہمارے لیڈر کا قصور یہ ہے کہ عوام اور پاکستان کی خودمختاری کی بات کی، ہمارے لیڈر نے قوم کیلئے 27 سال جدوجہد کی، مطالبہ ہے کہ فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے ہمارے لیڈر کو جلد رہا کیا جائے، میرا لیڈر صحیح کہتا تھا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں، حقیقی آزادی ہماری ضرورت ہے، اصلاح نہیں کی تو سزا کیلئے تیار ہوجائیں، الیکشن دھاندلی کی تحقیقات کیلئے سب سے پہلے ہمارے حلقے کھولیں، چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر استعفیٰ دیں، کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم اپنا حق لینا نہیں جانتے تو یہ ان کی بھول ہے، ہم اپنا حق لینا بھی اور چھیننا بھی جانتے ہیں۔