کراچی (سچ خبریں) صوبہ سندھ میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں کورونا سے صورت حال قابوسے باہر ہونے پر سکول مزید ایک ہفتے نہ کھولنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے نہیں کھولیں گے ، تعلیمی ادارے 30 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ، ایک ہفتے میں والدین ، اساتذہ ، سٹاف ویکسین لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ہمیں اپنے حصے کا پانی دیں ، اس وقت ہمیں 19 فیصد شارٹیج ملی ہے ، ارسا کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا پڑے گا ، اگر ارسا اپنی مرضی سے فیصلے کرتا رہا تو یہ بحران شہروں میں پینے کے پانی تک پہنچ جائے گا ، کینجھر جھیل پر پانی کا لیول 47 اعشاریہ 2 ہے ، کوٹری پر 36 ہزار کیوسک پانی آرہا ہے ، ایک ہفتے بعد کم ہو جائے گا ، کینجھر کو بھی پانی کم ملے گا۔