اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حکومت اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود اسپتالوں کی کارکردگی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے آبپارہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ماں بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے جبکہ اسپتالوں کی کارکردگی کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بہترین طبی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔
دوسری جانب حکومت پاکستان نے فائزر کمپنی کی ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وفاقی وزارت صحت حکام کے مطابق پاکستان فائزر سے ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز بذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خریدے گا، حکام نے بتایا کہ فائزر نے ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان کو فائزر کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں جولائی یا اگست میں مل جائیں گی، ایم آر این اے ویکسین اسٹور کرنے کے لیے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خریدے جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کا مؤقف ہے کہ فائزر ویکسین خریدنے کے لئے معاہدہ نہیں ہوا، بات چیت جاری ہے۔
حکام کا بتانا ہے کہ فائزر کی ویکسین کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی، 40 سال سے کم عمر بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو بھی فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی۔فائزر کمپنی نے بھی حکومت پاکستان سے ویکسین سے متعلق بات چیت کی تصدیق کی ہے۔