اسلام آباد: (سچ خبریں) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کرنٹ لگنے سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) اور ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) اور ہیلتھ، سیفٹی اور انوائرومنٹ ڈائریکٹوریٹ کے قیام میں ناکامی پر حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) پر ایک ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نیپرا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے مہلک حادثات سے بچاؤ کے ناکافی اقدامات پر حرکت میں آگیا. نیپرا نے کرنٹ لگنے سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر میپکو، پیسکو اور ٹیسکوپر ایک، ایک کروڑ روپے کے جرمانے عائد کردیے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کرنٹ لگنے سے بچاؤ کے اقدامات پر عملدر آمد نہ کرنے پر میپکو، پیسکو اور ٹیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے تاہم مذکورہ تقسیم کار کمپنیاں نیپرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہیں جس کے بعد جرمانے عائد کیے گئے ہیں جن کے الگ الگ حکم نامے بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تینوں ڈسکوز نیپرا قوانین پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہیں اور اپنے انتظامی علاقوں میں 100 فیصد کھمبوں کی ارتھنگ نہیں کر سکیں۔
نیپرا نے میپکو، پیسکو اور ٹیسکو کو 3 ماہ میں باقی ماندہ اسٹیل اسٹرکچر کی ارتھنگ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ایک سال میں پی سی سی پولز کی ارتھنگ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
دریں اثنا نیپرا نے ہیلتھ، سیفٹی اور انوائرومنٹ ڈائریکٹوریٹ کے قیام میں ناکامی پر کارروائی کرتے ہوئے حیدر آبادالیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) پر بھی ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
نیپرا نے حیسکو کو جاری کردہ حکمنامے میں جرمانےکی رقم 15 روز میں نامزد کردہ بiنک میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔