لاہور(سچ خبریں) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جہانگیر خان تر ین کے خلاف انتقامی کاروائی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا وزیر اعظم عمران خان یا حکومت کوئی انتقامی کاروائی نہیں کر رہی،وہ عمران خان کے قریبی دوست اور پارٹی میں اہم ذمہ داری پر فائز رہے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میںسلک روڈ کلینکل سینٹر اور کورونا انٹر نیشنل کانفر نس سے خطا ب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ جہانگیر خان تر ین وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قر یبی دوست اور پارٹی میں اہم ذمہ داری پر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف وزیر اعظم عمران خان یا حکومت کی جانب سے کسی قسم کی انتقامی کاروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور جہاں تک جہانگیر خان ترین کیخلاف مقدمات کا تعلق ہے تو اس سے پہلے عبد العلیم خان اور سبطین خان بھی عدالتوں میں مقدمات کاسامنا کرچکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت یا پارٹی نے جہانگیر خان تر ین کے ساتھ عدالت میں جانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی سختی نہیں کی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مینار پاکستان پر قوم سے وعدہ کیا تھا کہ دو نہیں ایک پاکستان بنائیں گے جس میں قانون سب کے لیے برابر ہوگا اور آج وزیراعظم عمران خان اپنا وعدہ پورا کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ جہانگیر خان تر ین اور ان کے ساتھ عدالت میں جانے اور ملاقات کر نے والے کسی بھی رکن نے وفاقی یا پنجاب حکومت کوعدم استحکام کا شکار کر نے کی بات نہیں اور حکومت کو کسی سے بھی کوئی خطر ہ نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان ہی وزیر اعظم رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بدقسمتی سے جب پاکستان میں کوروناآیا تواس وقت بہت سے لوگ اس کو سازش قرار دیتے رہے ہیں اوراب پاکستان میں تیسری کورونا کی لہر بر طانیہ سے آئی ہے اگر پاکستان میں بر طانیہ سے آنیوالوں کو قر نطینہ کر دیتے تو حالات مختلف ہوتے۔