اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے موجودہ حالات میں بھارت کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے، افغانستان کا وفد امن عمل آگے بڑھانے کيلئے پاکستان ميں موجود ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزيراعظم عمران خان نے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کيا ہے۔ جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال کو زیر غور لایا جائے گا اور اس کے مستقبل کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے ہونے والے اہم اجلاس ميں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔وزير خارجہ نے کہا کہ افغانستان کا وفد امن عمل آگے بڑھانے کيلئے پاکستان ميں موجود ہے، آج دفتر خارجہ ميں افغان وفد سے اہم ملاقات ہوگی۔
افغانستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کو موجودہ حالات میں ذمےداری کا ثبوت دينا چاہيے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں امن و استحکام کی خواہاں ہے اور توقع کرتی ہے کہ بھارت بھی مثبت کردار ادا کرے، خطے کي بہتری کيلئے بھارت کو ذمےداری دکھانی ہوگی۔