اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول نوکری کی عرضی کے لئے واشنگٹن جا رہے ہیں، وہاں جاکر کہیں گے کہ ہمیں حکومت میں لائیں ہم سب کرنے کو تیار ہیں۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گِل نے کہاکہ ہم ایسی ڈیل نہیں کرنے دیں گے،بلاول جو عرضیاں لے کر امریکا جا رہے ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔شہباز گِل نے کہا کہ بلاول بھٹو نوکری کی عرضی کیلئے واشنگٹن جا رہے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ حکمرانوں کے دور میں ڈرونز حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرف کے زمانے میں 13 ڈرون حملے ہوئے، پیپلزپارٹی کے دور میں 340 ڈرون حملے ہوئے،جبکہ کونڈو لیزا رائس نے ڈرون حملوں کیلئے مشرف اور محترمہ کی ڈیل کرائی۔
شہبازگِل نے مزید کہا کہ یہ لوگ امریکا کو اڈے دینے کا ملبہ پرویز مشرف کے دور پر ڈالتے ہیں،آپ پاکستان کے اوپر اپنا قومی مفاد لانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے جو کیا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ شہباز گل اور بلاول بھٹو کے درمیان اکثر و بیشتر مختلف انداز میں بحث و گفتگو ہوتی رہتی ہے اور ایک دوسرے پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔