اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 50فیصدآبادی کی کورونا ویکسینیشن ہوگئی ہے جس کے بعد اسلام آباد ملک میں 50 فیصد کورونا ویکسینیشن والا پہلا شہر بن گیا ہے۔ دیگر شہروں میں بھی ویکسین کی دوسری ڈوز لگانے میں تیزی کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ اسلام آباد میں 50فیصدآبادی کی کورونا ویکسینیشن ہوگئی، وفاقی دارالحکومت میں 71فیصد آبادی نے ویکسین کی پہلی ڈوز حاصل کی۔ان کا ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ دیگر شہروں میں ویکسین کی دوسری ڈوز لگانے میں تیزی کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 58 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار 720 ہوگئی۔ پاکستان بھر میں اب تک کُل 6 کروڑ 73 لاکھ 42 ہزار 288 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 16 لاکھ 13 ہزار 626 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔
این سی او سی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 153 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 4 ہزار 520 ہوگئی۔ اسی طرح ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 86 ہزار 785 ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ ملک میں اب تک 5 کروڑ 8 لاکھ 3 ہزار 582 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 2 کروڑ 16 لاکھ 13 ہزار 626 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔