اسلام آباد(سچ خبریں) ملک بھر میں عمر رسیدہ شہریوں کو کورونا ویکسی نیشن لگانے کا سلسلہ کا جاری ہے اور مثبت کیسز بھی بڑھتے ہی جا رہے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے کوویڈ ایمیونائزیشن سرٹیفیکٹ پورٹل کا اجرا کردیا گیا ہے ، پورٹل کے ذریعے شہری کورونا ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ملک بھر میں کوویڈ ایمیونائزیشن سرٹیفیکٹ پورٹل کا اجرا کردیا گیا ہے، جن شہریوں کی ویکسی نیشن ہوگئی وہ سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈکرسکتےہیں جبکہ ویکسی نیشن مکمل ہونےپرسرٹیفکیٹ نادرمیگاسینٹرسےبھی وصول کیا جاسکتا ہے۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر اسدعمر نے کورونا ویکسی نیشن کے اگلے مرحلے میں 30 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔خیال رہے ملک بھر میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کورونا ویکسی نیشن لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اس ساتھ ہی کوروناکی تیسری لہرخطرناک ہونے لگی ہے کیونکہ مثبت کیسزکی یومیہ شرح ایک سال کی دوسری بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا کے مختص بیڈز کم پڑنے لگے ، سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے 164 وینٹی لیٹرز مختص کئے گئے ہیں۔شہر کے سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے ، جس کے باعث مریضوں کو وینٹی لیٹرز کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔