سچ خبریں:اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ 7 اکتوبر کے حملے سے متعلق اسرائیلی فوج کی معلومات اور وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کا موقف ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق، یدیعوت احرونٹ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیتن یاہو کے دفتر کو حملے سے چند گھنٹے قبل غزہ کی پٹی سے تشویش ناک معلومات موصول ہو چکی تھیں، جو دفتر کے دعووں سے مختلف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی یقینی تباہی کے 7 نکتے
دفتر کے مطابق، انہیں حملے سے پہلے کوئی اطلاع نہیں ملی تھی، جبکہ فوج کی تحقیقات اس کے برعکس ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، نیتن یاہو کے دفتر کے سکیورٹی افسر کو 7 اکتوبر کی صبح 2 بجے سے ہی نگران اطلاعات موصول ہونے لگیں۔
اس افسر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ دفتر کے بعض حکام کے بارے میں شرمناک دستاویزات رکھتا ہے۔
گزشتہ ماہ اسرائیلی چینل 12 نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کی صہیونی تحقیقات کے کچھ حصے نشر کیے تھے، جو ایک سال بعد بھی خطے پر بڑے اثرات ڈال رہے ہیں۔
تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ 12 ستمبر 2023 کو غزہ ڈویژن کے دورے کے دوران، کمانڈرز نے اسرائیلی فوج کے سربراہ ہرتزی ہالوی کو غزہ سرحد کی صورت حال کے بارے میں نگران تصویریں اور ویڈیوز دکھائے تھے، جن میں حماس کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اور مشکوک گاڑیاں سرحد کے قریب آتی ہوئی نظر آئیں۔
مزید پڑھیں: ایک سال میں صیہونیوں نے کتنی بار خطرے کے سائرن سنے؟
یدیعوت احرونٹ نے رپورٹ دی کہ اس کے باوجود، اسرائیلی فوج نے غیر متوقع طور پر غزہ سرحد پر تعینات فوجیوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔