بغداد (سچ خبریں) العالم کے نامہ نگار نے نے عراقی کردستان کے شہر اربیل سے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ رات لگ بھگ 1 بجے کے قریب، اربیل بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب امریکی قونصل خانے کو بارود سے بھرے تین ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق العالم ٹی وی کو ایک براہ راست انٹرویو دیتے ہوئے، علی الشبکی نے امریکی قونصل خانے سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پر گرنے والے ڈرون کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان ڈرونز میں سے ایک ایرپورٹ کے قریب براغ گاؤں میں جبکہ دوسرا ڈرون جو بارود سے بھرا ہوا تھا ایک پہاڑی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
العالم کے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ اربیل بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب امریکی قونصل خانہ، جو بین الاقوامی اتحاد کا صدر مقام بھی ہے، کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، یہ دوسرا موقع ہے جب اربیل میں قونصل خانے کو نشانہ بنایا گیا۔
العالم کے نامہ نگار نے مزید بتایا کہ عراقی کردستان کے علاقے میں انسداد دہشت گردی یونٹوں نے اعلان کیا ہے کہ ڈرون حملوں سے عام شہریوں یا امریکی قونصل خانے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اربیل میں امریکی قونصل خانے سے 3 کلومیٹر دور واقع گاؤں براغ پر آج صبح ایک ڈرون نے حملہ کیا، رووداو ٹی وی کے مطابق، یہ حملے بارود سے بھرے ہوئے تین ڈرون کے ذریعے کیئے گئے۔
واضح رہے کہ ابھی تک کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، اور نہ ہی یہ واضح ہوا ہے کہ یہ راکٹ کہاں سے فائر کیا گیا تھا۔