نئی دہلی (سچ خبریں) بھارت میں کورونا وائرس کے کی بدترین صورتحال جاری ہے اور اب مزید 3 لاکھ 79 ہزار 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد دو کروڑ کے قریب پہونچ گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کی متعدد ریاستوں میں انتخابی ریلیاں جاری ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی وبا میں شدت کے باوجود ریاستی انتخاب میں سیکڑوں افراد ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے تیار ہیں، بھارتی حکام کے مطابق ملک میں مزید 3 لاکھ 79 ہزار 257 کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک دن میں اب تک رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
نئے کیسز کے بعد بھارت میں مجموعی کورونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 83 لاکھ ہوگئی، کورونا کیسز کی تعداد کے نتاظر میں امریکا کے بعد بھارت کا شمار ہوتا ہے، علاوہ ازیں وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 645 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 832 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کے بحران کے دوران مغربی بنگال کے ریاستی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ آج سے شروع ہوگئی ہے، توقع ہے کہ ریاست بھر میں کم از کم 11 ہزار 860 پولنگ اسٹیشنز پر 8 لاکھ سے زیادہ افراد ووٹ ڈالیں گے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ریاست میں بڑے پیمانے پر انتخابی ریلیوں کے انعقاد پر پچھلے چند ہفتوں کے دوران تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہزار کیسز رپورٹ کیے گئے جو وبائی بیماری شروع ہونے کے بعد سے اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔
بدھ کے روز سے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام بھارتیوں کو ویکسین کے لیے سرکاری ایپ پر اندراج کرنے کی اجازت دی گئی لیکن سوشل میڈیا پر شکایات کی بھرمار ہوگئی کہ ایپ کریش ہوگئی ہے، ہفتہ کو شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم ناکافی ہوگئی ہے۔