نئی دہلی (سچ خبریں) بھارت میں جہاں ایک طرف کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کی موتیں واقع ہورہی ہیں وہیں دوسری طرف اسپتال بھی محفوظ نہیں ہیں اور آئے دن متعدد علاقوں سے اسپتال میں آتشزدگی کی خبریں موصول ہوتی رہتی ہیں اور اب تک سینکڑوں افراد اسپتالوں کے اندر آگ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات کے ایک خیراتی اسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 18 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
خبررساں اداروں کے مطابق ریاست گجرات میں ایک ٹرسٹ کے زیر انتظام بہروچ ویلفیئر اسپتال کے کورونا وارڈ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی، آگ تیزی سے آئی سی یو تک پہنچ گئی، جس میں جھلس کر 2 نرسوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
گجرات کے وزیر صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اسپتال میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور کورونا وارڈ اور آئی سی یو سے مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقلی کے لیے 40 ایمبولینسیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، جبکہ 50 سے زائد مریضوں کو قریبی 4 اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں سے 20 کورونا مریضوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں رواں برس اسپتالوں میں آتشزدگی کے 3 بڑے واقعات رونما ہوچکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 50 مریض ہلاک اور 9 زخمی ہوئے تھے، جبکہ آکسیجن کی قلت اور مریضوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے صحت کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی سائنسدانوں نے کورونا کے ملک میں بڑھتے کیسوں اور اموات کی بڑی وجہ وزیراعظم نریندر مودی کو قرار دے دیا۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے کورونا وائرس میں اضافے کا انتباہ نظرانداز کیا، بھارتی سارس جینیٹکس کنسورشیم نیکورونا میں شدت سے متعلق مارچ میں انتباہ دیا گیا تھا۔