سچ خبریں:دو خودکش بمبار ڈرونز نے عراق کے صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد کے اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دو خودکش ڈرونز نے عین الاسد بیس پر حملہ کیا اور امریکی فورسز کے رہایشی علاقہ کو نشانہ بنایا،تاہم امریکی فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کی کوشش ناکام رہی اور اس میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا جبکہ امریکی اتحادی عہدہ دار نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ عراقی تنصیبات اور یہاں رہنے اور کام کرنے والی افواج کے خلاف تھا۔
عراقی ذرائع نے بتایا کہ امریکی افواج اڈے پر موجود تھیں، عراق کے ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ عراقی فضائی دفاعی سسٹم نے عین الاسد بیس پر دو ڈرونز کے حملے کا جواب دیا اور اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی اتحادی فوج کے ایک عہدہ دار نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم نے عراق میں اپنا فوجی مشن ختم کر دیا ہے جس کے بعد اپنا دفاع کرنا ہمارا فطری حق ہے ،انھوں نے کہا کہ عراقی اڈوں میں اب ہماری موجودگی بہت کم ہے جبکہ امریکی اتحاد کا عراق میں کوئی اپنا ٹھکانہ نہیں ہے، یادرہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عراق میں امریکی اتحادی افواج کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔