سچ خبریں:افغان امن عمل سے متعلق استنبول میں ہونے والےآئندہ اجلاس میں شرکت کرنے کے حوالہ سے طالبان نے اعلان کیا کہ جب تک غیر ملکی افواج ملک میں موجود ہیں ، وہ کسی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
افغانستان کی فارس نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ جب تک غیر ملکی افواج ملک میں موجود رہیں گی ، یہ گروپ استنبول کے اجلاس سمیت کسی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا،انہوں نے مزید کہاکہ کچھ ممالک استنبول کانفرنس کے ذریعے افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔
مجاہد نے زور دے کر کہا کہ اپنے مستقبل کا تعین کرنا افغان عوام کا حق ہے،طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ صرف اسی صورت میں امن کے لئے تیار ہیں اگر افغانستان میں تمام فریقین نے ایک حقیقی اسلامی نظام قبول کر لیں بصورت دیگر وہ جنگ جاری رکھیں گے،یادرہے کہ استنبول کا اجلاس 24 اپریل کو ہونا ہے۔