سچ خبریں:یمن کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے جارح سعودی اتحاد کے رکن ممالک کی جانب سے جنگ بندی کی عدم تعمیل پر تنقید کی۔
یمن کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد عبدالسلام نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کو لے کر جارح سعودی اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان بات چیت کی سطح اب بھی ناموافق ہے،انہوں نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کے رکن ممالک جان بوجھ کر جنگ بندی کی شقوں پر عمل کرنے کے بجائے وقت ضائع کر رہے ہیں جسے ہماری عزیز قوم قبول نہیں کرتی۔
المسیرہ چینل کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عبدالسلام نے مزید کہا کہ ہماری قوم ایک غیر منصفانہ محاصرے میں ہے اور ہزاروں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں نیز یہ مصیبت ہر سطح پر بہت بڑی ہے،یاد رہے کہ اس سے قبل یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی اتحاد اور اس کے کرائے کے فوجیوں کی جانب سے جنگ بندی کی متعدد بار خلاف ورزیوں کے باوجود جنگ بندی کو مستحکم کیا جائے لیکن ہو سکتا ہے سب کچھ بدل جائے اور جنگ بندی فوجی کارروائیوں میں بدل جائے۔