سچ خبریں:یوکرین میں روسی فوجی کارروائیوں کے جاری رہنے کے باعث یورپی یونین نے ماسکو کے خلاف اقتصادی پابندیوں میں مزید 6 ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی کونسل نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے روس کے خلاف اقتصادی پابندیوں میں 31 جنوری 2023 تک توسیع کردی ہے،اس سے قبل یورپی یونین کی کونسل نے روس کے خلاف اقتصادی پابندیوں کے ساتویں پیکیج پر اتفاق کیا تھا جس میں 55 افراد اور ادارے شامل تھے۔
دوسری جانب روسی حکومت نے یورپی یونین کے اس اقدام کے ردعمل میں اعلان کیا ہے کہ اس نے غیر دوست ممالک کی فہرست کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے جس کے بعد یونان، ڈنمارک، سلوواکیہ، سلووینیا اور کروشیا بھی اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں،روسی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فہرست حتمی نہیں ہے اور بیرون ملک روسی شہریوں کے خلاف دوسری حکومتوں کی طرف سے معاندانہ کارروائیوں کی وجہ سے اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو یوکرین میں روسی فوجی کارروائیوں کے آغاز کے بعد یورپی یونین نے ماسکو کے خلاف 7 پابندیاں عائد کی تھیں، تاہم متعدد ماہرین کا کہنا ہے یورپی یونین سمیت دیگر عرب ممالک کی جانب روس کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کی وجہ سے روس سے زیادہ ان ممالک کا نقصان ہو رہا ہے۔