سچ خبریں:تیونس کے نئے آئین پر ریفرنڈم میں ووٹنگ کا عمل آج صبح اس ملک کی کئی جماعتوں اور عوام کی مخالفت کے باجود شروع ہوا ہے۔
الحرہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح تیونس کے عوام نے نئے آئین کے مسودے پر ووٹنگ کا عمل شروع کیا، رپورٹ کے مطابق آج صبح کے آغاز سے ہی 11000 سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں نے ووٹروں کے لیے اپنے دروازے کھول دیے، ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے شروع ہوئی اور رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔
تیونس کی آزاد اعلیٰ انتخابی اتھارٹی نے اتوار کو اعلان کیا کہ آئینی ریفرنڈم میں بیرون ملک مقیم تیونسیوں کی عام شرکت کی شرح ووٹنگ کے دوسرے دن 4.65 فیصد تک پہنچ گئی، اس اتھارٹی نے پہلے اعلان کیا تھا کہ بیرون ملک ریفرنڈم میں ووٹنگ ہفتہ، اتوار اور پیر، 23، 24 اور 25 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ ریفرنڈم ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جب حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس ریفرنڈم کا بائیکاٹ کیا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ یہ اس ملک پر آمرانہ حکمرانی کے لیے ضروری پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ بیرون ملک ان انتخابات کے انعقاد کو ووٹرز کی جانب سے پذیرائی حاصل نہیں ہوئی۔