سچ خبریں:کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے کابل میں ضرورت مند لوگوں میں انسانی امداد کی شکل میں 50 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے ایک ہزار فوڈ پیکجز کی تقسیم کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے افغانستان کے عوام کے لیے انسانی امداد کے بعد جنرل سلیمانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر کابل کے غریب عوام میں اشیائے خوردونوش کی ایک کھیپ تقسیم کی گئی، ایران کی انسانی امداد میں 1000 فوڈ پیکجز شامل ہیں جن میں آٹا، چاول اور تیل شامل ہیں، کابل میں ایرانی سفارت خانے کے مطابق غریبوں کے لیے دی جانے والی امداد کی مالیت 50000 ڈالر سے زائد ہے جو ایرانی سفارت خانے کے ذریعے تقسیم کی گئی۔
کابل میں ایران کے نائب سفیر سید حسن مرتضوی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے حکم کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران شروع سے ہی امداد فراہم کرنا شروع کر دی ہے اور آج یہ امداد مختلف صوبوں میں فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ افغانستان کے لوگ اچھے اور محنتی ہیں، ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں ان کے لیے حالات اچھے ہوں گے، قبل ازیں مزار شریف، قندوز اور قندھار میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ٹیموں نے ان صوبوں کی غریب عوام میں غیر نقدی امداد تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا،یادرہے کہ افغانستان کے عوام امریکی پابندیوں کے بعد اور سردی کے موسم میں انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔