سچ خبریں:عوامی جمہوریہ چین کے وزیر برائے امور خارجہ اور قومی کونسل کے ممبر وانگ یی نے آج ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خصوصی نمائندے علی لاریجانی کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کے لئے ملاقات کی ۔
چین کے وزیر خارجہ اور ا س ملک کی قومی کونسل کے ممبر وانگ یی جو آج کل ایران کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خصوصی نمائندے علی لاریجانی کے ساتھ ملاقات کی جس کے دوران دونوں عہدہ داروں نے ایران اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد پر تعلقات کو مکمل طور پر بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، فریقین نے اسلامی جمہوریہ ایران اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین وسیع تعاون کے پروگرام کو حتمی شکل دینے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات کا جائزہ لیا کہ کس طرح سیاسی ، اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کے طول و عرض کو آگے بڑھایا جا ئے نیز دونوں ممالک کے مابین قریبی مشاورت پر زور دیا گیا۔
لاریجانی نے طویل مدتی اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے لئے عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک ملاقات میں خارجہ پالیسی کے بارے میں ملک کے نقطہ نظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں آزادانہ طور پر فیصلہ کرتا ہے اور کچھ ممالک کے برعکس ایک فون کی وجہ سے اپنا موقف تبدیل نہیں کرتا ہے،واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ نےبھی اس ملاقات میں کہاکہ ایران کے ساتھ چین کے تعلقات موجودہ حالات سے متاثر نہیں ہوں گے بلکہ مستقل اور اسٹریٹجک ہوں گے۔
چینی فریق نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا اوراس ملک میں جامع اسٹریٹجک تعلقات کے پروگرام کو حتمی شکل دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔