سچ خبریں:افریقی یونین کی امن اور سلامتی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اس تنظیم میں سوڈان کی رکنیت اورتمام سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
النشرہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افریقی یونین کی امن اور سلامتی کونسل نے سوڈان میں فوجی بغاوت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افریقی یونین میں سوڈان کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوڈانی گورننگ کونسل کے چیئرمین عبدالفتاح البرہان کے اقدامات سوڈان کے اقتدار کی منتقلی کے عمل میں رکاوٹ اور اس ملک کو تشدد کے بھنور میں دھکیلنے کے لیے کام کرتے ہیں۔
یادرہے کہ سوڈانی فوج کے اقتدار پر قبضے اور غیر آئینی حکومتی تبدیلیوں کی مخالفت کرتے ہوئے افریقی یونین نے البرہان کے اقدامات کو اس یونین کی مشترکہ اقدار اور جمہوری معیارات کی توہین قرار دیا، افریقی یونین کی امن اور سلامتی کونسل نے یہ بھی کہاکہ ہم سوڈانی فوج پر زور دیتے ہیں کہ وہ آئینی تقاضوں کا احترام کرے اور حکومت کی کامیاب منتقلی کے لیے حالات پیدا کرے۔
کونسل نے مزید کہاکہ ہم سوڈانی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آئین کے اعلان اور پر امن معاہدے کی تمام شقوں کی پاسداری کریں نیز جمہوری تبدیلی اور چیلنجوں اور رکاوٹوں کے دیرپا حل پر عمل کریں۔
کونسل نے تمام سوڈانی قیدیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا، امن اور سلامتی کونسل نے سوڈان میں سویلین قیادت اور معاہدے کے ساتھ منتقلی کے عمل کو نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا، کونسل نے سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کو ان کی رہائی پر مبارکباد دی اور کہا کہ زیر حراست اہلکاروں کی صحت اور حفاظت سوڈانی فوج کی ذمہ داری ہے۔