کراچی (سچ خبریں)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے ڈپریشن میں مبتلا مداحوں کو اس سے نکلنے کے لیے ایک اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے جب بھی ڈپریشن ہوتا ہے میں قاری عبدالباسط کی آواز میں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سُنتی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نور بخاری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں اُن کے مداحوں نے اُن سے مختلف سوالات کیے اور ساتھ ہی کچھ نے تو نور سے مشورے بھی مانگے۔
اسی سیشن کے دوران ایک مداح نے نور بخاری سے سوال کیا کہ ’جب آپ کو ڈپریشن ہوتا ہے تو آپ اُسے کیسے ختم کرتی ہیں؟مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نور بخاری نے کہا کہ ’مجھے جب بھی ڈپریشن ہوتا ہے میں قاری عبدالباسط کی آواز میں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سُنتی ہوں۔
نور بخاری نے مزید کہا کہ ’میں صبح، دوپہر اور شام سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سُنتی ہوں اور یوں میرا ڈپریشن خود ہی ختم ہوجاتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر نور بخاری اب اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کررہی ہیں اور انہیں اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنا اچھا محسوس ہوتا ہے۔