کراچی (سچ خبریں) اداکار شہریار منور نے ایک صارف کے پوسٹ پر کیپشن درج کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کا کیا قصور ہے بھائی؟معاف کردو خدا کے لیے۔اداکار نے توہین آمیز خاکوں پر فرانس کے معافی نہ مانگنے پر ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے شہریوں سے التجا کردی۔
شہریار منور نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا صارف کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے معافی طلب کی۔سوشل میڈیا صارف کی پوسٹ پر درج تھا کہ فرانس کے پاس اب بھی وقت ہے، معافی مانگ کر توبہ کرلے ورنہ ہم پورا پاکستان جلا کر راکھ کردیں گے۔
اداکار کی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک صارف نے ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ جس بات کا پتا نہ ہو اس میں بولا نہیں کرتے۔نصیب اللہ نامی صارف کے تبصرے کو شہریار منور نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے جواب دیا کہ میرے بھائی کتنا پیارا نام ہے آپ کا نصیب اللہ، سبحان اللہ ،کیوں نہ اس رمضان نصیبوں کا فیصلہ اللہ کو کرنے دیں، کیوں نہ اس رمضان یہ اختیار رب کو لوٹادیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ہفتے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے شدید احتجاج سامنے آئے تھے۔اور اس کے نتیجے میں ملکی املاک کو بھی نقصان پہنچا تھا یہاں تک کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد کا متن پیش کیا گیا اور قرار داد کا متن تمام ارکان کےسامنے پڑھ کر سنایا گیا ۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سفیر ملک بدر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے رائے لی گئی ہے ، فرانسیسی سفیر کو کیوں نہ ملک بدر کیاجائے۔