کراچی: (سچ خبریں) سینیئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے خاندان کو بھارت کے ’کپور‘ خاندان جیسا قرار دینے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خاندان ’کپور نہیں شیخ‘ ہے۔
جاوید شیخ نے حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی بیٹی مومل شیخ نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے خاندان کا موازنہ بھارت کے کپور خاندان سے کیا تھا۔
اداکار کو بتایا گیا تھا کہ مومل شیخ نے اپنے خاندان کو پاکستان کا کپور خاندان قرار نہیں دیا تھا لیکن انہیں بتایا گیا تھا کہ ان کا موازنہ کپور خاندان سے کیا جاتا ہے، جس پر ان کی بیٹی نے اتفاق کیا تھا۔
اس پر جاوید شیخ نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے 9 یا 10 لوگ شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، اگر وہ وہاں کا کپور خاندان ہے تو ان کا ’شیخ‘ خاندان ہے۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ وہ اور ان کے بچے، بہروز سبزواری ان کا بیٹا اور بیوی بھی ہیں جب کہ سلیم شیخ اور ان کی بیٹی بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں جاوید شیخ نے اتفاق کیا کہ ان کے بیٹے شہزاد اور مومل شیخ پر ان کی وجہ سے دباؤ رہا، چوں کہ وہ بھی اداکار رہے ہیں تو ان کے بچوں سے بھی یہی توقع کی جاتی رہی ہے کہ وہ اچھی اداکاری کریں۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ جن اداکاروں کے ساتھ ان کے بچے کام کر چکے ہیں، وہ ان کے بچوں کی تعریفیں کرتے ہیں، وہ نہ صرف مومل بلکہ شہزاد کی بھی تعریفیں کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے دونوں بچوں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار اور شخصیت بھی اچھی ہے جب کہ وہ بطور اداکار بھی بہتر کام کر رہے ہیں اور اس بات کی گواہی شوبز انڈسٹری کے دوسرے لوگ دیتے ہیں۔
جاوید شیخ نے کہا کہ جب انہیں اپنے بچوں کے کردار اور شخصیت سے متعلق بتایا جاتا ہے تو انہیں سن کر خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے دلیل دی کہ جب ان کا کوئی تنازع نہیں رہا، جب وہ کسی کے ساتھ غلط پیش نہیں آتےتو ان کے بچےبھی ایسے ہی ہیں۔