لاہور (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز چھ روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکولز 6 ستمبر تا 11 ستمبر بند ہوں گے۔ اسکولز بند کرنے کے فیصلے سے متعلق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آگاہ کیا۔
انہوں نے ٹویٹر پیغام میں اپیل کی کہ برائے مہربانی گھروں میں رہیں اور اپنے آپ کو محفوظ بنائیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے عوام سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اپیل بھی کی۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی تھی۔
گرلز اسکول صبح ساڑھے سات بجے لگیں گے اور چھٹی ساڑھے بارہ بجے ہوں گی۔جمعہ کے روز گرلز اسکول کو 11.45 اور بوائز کو 12 بجے چھٹی ہو گی۔دوسری شفٹ سکول دوپہر 2 بجے لگیں گے اور چھٹی 5 بجے ہو گی۔ مذکورہ اوقات کار پر عمل درآمد 15 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
جبکہ قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے عملے کو ویکسی نیشن کے لیے ڈیڈ لائن دی تھی ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے ہزاروں نئے کیسز بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 57 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 35 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 71 ہزار 578 ہوگئی۔ صوبے بھر کے اسکولز بند کرنے کا فیصلہ بھی کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہی کیا گیا ہے۔