اسلام آباد(سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کے درمیان ملاقات کے بعد وزیراطلاعات نشریات فواد چودھری اور وزیر داخلہ شیخ رشید میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،حکومت کے اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کے روز 2 بجے طلب کیا جائے گا۔
فوادچودھری نے کہا کہ حکومت کے اتحادی جماعتوں کے ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے تمام اتحادیوں کے تحفظات کو تفصیل کے ساتھ سنا ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور دوسرے تمام تحفظات پر بات ہوئی، اتحادی جماعتوں کر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر تمام اتحادیوں نے وزیراعظم کی قیادت پر اظہار اعتماد کیا، حکومت کے اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کے روز 2 بجے طلب کیا جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ووٹنگ مشین سے متعلق وزیراعظم نے خود جوابات دیے، وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے سوالوں کے بھی خود جوابات دیے، مشترکہ اجلاس میں 8 سے 10قانون بل منظوری کیلئے پیش کیئے جائیں گے، مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے قوانین کی بھی منظوری دی جائے گی۔یاد رہےکہ حکومت نے 11 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا تھا۔ لیکن اتحادیوں کے تحفظات اور حکومتی جماعت کے اراکین کی اجلاس سے غیر حاضری کے خدشے کے پیش نظر 10 نومبر کو حکومت نے انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر اتفاق رائے کے لیے بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مؤخر کر دیا تھا۔