لاہور (سچ خبریں) وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے شریف خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان نے عوام کو جتنا چونا لگانا تھا لگا لیا، یہ خاندان اختلافات، جھوٹ، فریب اور ملک دشمنی کی آماجگاہ بن چکا ہے، آئے روز شریف دور کی دو نمبریاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہیں۔
صوبائی وزیر فیاض چوہان نے لاہور سے جاری کیئے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایف آئی اے پوچھے تو شہباز شریف اپنے بیٹوں کے کاروبار سے لاتعلقی دکھاتے ہیں، برطانوی عدالت میں کیس ہو تو یہ دونوں موصوف باپ بیٹا بن جاتے ہیں۔
فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کو کرپشن اور لوٹ مار کے ساتھ انصاف بھی اپنی مرضی کا چاہیئے، آج انہیں لندن کی ایک ایجنسی ٹھیک، پاکستان کا پورا عدالتی نظام بے کار لگ رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حمزہ شہباز کو جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی کے خیالات اچھے لگے، موجودہ ججز کے بارے میں حمزہ شہباز کا کیا خیال ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 ارب 32 کروڑ اور 25 ارب کے کرپشن کیسز پر شہباز شریف کو سانپ سونگھ جاتا ہے، اپنے دور کے ساڑھے 17 ہزار ارب کے آڈٹ پیراز کا آج تک شہباز شریف نے جواب نہیں دیا۔فیاض چوہان نے یہ بھی کہا کہ شریف خاندان آج سے 8 سال پہلے آج سے 3 گنا مہنگی سڑکیں بنا رہا تھا۔