سوات(سچ خبریں)ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے برعکس پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کا سوات میں پاورشو جاری ہے، اپوزیشن نے گراسی گراؤنڈمیں پنڈال سجالیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیدو شریف کےگراسی گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت نہیں دی ہے ،ڈپٹی کمشنر سوات کے مطابق امن و امان اور کورونا کی وجہ سے گراسی گراؤنڈ میں جلسہ نہیں کیا جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی پالیسیوں کے خلاف پی ڈی ایم کا پنڈال گراسی گراؤنڈ میں سجایا گیا ہے،جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، شہبازشریف، آفتاب شیرپاؤ،محمود اچکزئی،اویس نورانی پروفیسر ساجد میر،طاہربزنجو اور اخترمینگل خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ (ن ) کے رہنما اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ جلسے میں آج پی ڈی ایم قیادت آئندہ کا لائحہ عمل جاری کرے گی،پی ٹی آئی حکومت کو رخصت کرکے دم لے لیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ جلسے میں شرکت کے لئے شہباز شریف امیر مقام کیساتھ ریلی کی شکل میں پہنچیں گے جبکہ شاہدخاقان عباسی مالم جبہ سے ریلی لے کرپہنچیں گے۔
جلسے میں پارٹی قائدین اور میڈیا کے لئے دو اسٹیج تیار کئے گئے ہیں جب کہ شرکاء کے لئے 10 ہزار کرسیاں لگائی ہے، جلسہ گاہ میں جمعیت علماء اسلام کے تین ہزار رضاکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ جلسہ گاہ کے باہر 1600 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔