کابل (سچ خبریں) ایک طرف جہاں امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدوں کی باتیں چل رہی ہیں وہیں دوسری طرف افغانستان سے آئے دن دھماکوں اور حملوں کی خبریں آرہی ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک بار پھر افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسلسل دو دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے جبکہ ابھی تک کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل میں ایک گھنٹے کے دوران ہونے والے 2 مختلف بم دھماکوں میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
افغان پولیس کے مطابق پہلا دھماکا پل سوختا کے علاقے میں ہوا جہاں مسافروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ دوسرا بم دھماکا سرے کاریز کے علاقے میں ہوا جہاں ایک بار پھر مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
افغان پولیس کے مطابق بم دھماکوں میں زخمی تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور تحقیقات کی آغاز کردیا گیا ہے تاہم ابھی تک کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب پاکستان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتا ہے اور پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔