نئی دہلی (سچ خبریں) بھارت میں کورونا وائرس کا شدید قہر جاری ہے اور آئے دن لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس وبا میں مبتلا ہورہے ہیں اور اب گذشتہ ایک دن میں دو لاکھ سے زائد افراد اس وبا میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ملک کے ہسپتالوں میں بستروں کی شدید کمی واقع ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت میں ریکارڈ 2 لاکھ نئے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے اور ملک کے مالیاتی مرکز ممبئی میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا کیونکہ شہر میں کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرنے والے بہت سے ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی رسد کی شدید قلت ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 8 روز میں یہ روزانہ کے حساب سے ساتواں ریکارڈ اضافہ تھا، بھارت میں وائرس کی دوسری لہر بری طرح پھیل رہی ہے جبکہ ملک کے معاشی طور پر اہم ریاست مہاراشٹر اس کا مرکز ہے۔
بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ملک میں سامنے آنے والے کیسز کا تقریبا ایک چوتھائی حصہ موجود ہے۔
جمعرات کو جاری کردہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 739 کووڈ 19 کیسز رپورٹ کیے، اس کے علاوہ ملک میں گزشتہ روز ایک ہزار 38 اموات بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 123 ہوگئی۔
واضح رہے کہ بھارت میں کیسز کی تعداد ایک کروڑ 41 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی کیسز 3 کروڑ 14 لاکھ ہیں۔