اسلام آباد (سچ خبریں) کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار کے نتیجہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 83 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 410 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تقریباً ساڑھے 6 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 902 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 6 ہزار 960، سندھ میں 4 لاکھ 40 ہزار 164، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 65 ہزار 980، بلوچستان میں 32 ہزار 456، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 84، اسلام آباد میں ایک لاکھ ایک ہزار 550 جبکہ آزاد کشمیر میں 32 ہزار 942 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 82 لاکھ 23 ہزار 308 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 60 ہزار 537 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 10 لاکھ 71 ہزار 976 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 389 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4387 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 71 ہزار 976 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 91747 ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 12 ہزار 118 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار30 ،خیبرپختونخوا 5 ہزار 155، اسلام آباد 877، گلگت بلتستان 179، بلوچستان میں 342 اور آزاد کشمیر میں 712 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔