اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب کا نیابلدیاتی ایکٹ اگلے چند روز میں منظور ہوجائے گا، ای وی ایم پر الیکشن کروانے سے انتخابات سستے ہوں گے،الیکشن کمیشن ای وی ایم پر انتخابات کروانے کیلئے درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا نیابلدیاتی ایکٹ اگلے چند روز میں منظور ہوجائے گا، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے،اس حوالے سے پنجاب حکومت نے پہلے ہی ترمیم کردی ہے، ای وی ایم پر الیکشن کروانے سے انتخابات سستے ہوں گے،الیکشن کمیشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی کمیٹیاں بھی بنائی ہیں، اگلے عام انتخابات بھی ای وی ایم پر ہوں گے، الیکشن کمیشن کو ای وی ایم سے متعلق جو بھی مدد چاہیے ہوگی حکومت فراہم کرے گی۔
کورکمیٹی اجلاس میں ڈاکٹرثانیہ نشتر نے حکومت کے سماجی فلاح وبہبود کے پروگراموں پر بریفنگ دی، احساس پروگرام اور صحت کارڈ سے متعلق بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی،صحت کارڈ پراجیکٹ پنجاب کا 350ارب کا پراجیکٹ ہے، سندھ اور بلوچستان کو صحت کارڈ پراجیکٹ میں لے کر آئیں گے، سندھ حکومت کو صحت کارڈ کے حوالے سے راضی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں 0.67 فیصد کمی آئی ہے، مہنگائی کے بین الاقوامی اثرات کو کم کریں گے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی کا عوام کو جلد فائدہ پہنچے گا۔
مہنگائی پر ایک رپورٹ آتی ہے ، سی پی آئی انڈیکس کا ڈیٹا موجود ہے، شاہد خاقان عباسی کو چاہیے سی پی آئی کو سمجھنے کی کوشش کریں،پچھلی حکومتیں درست پالیسیاں بناتیں تو آج مہنگائی نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تھکے ہوئے پہلوانوں کا اجتماع ہے،پانچ چوہے گھر سے نکلے کرنے چلے شکار، اب ایک چوہا بچ گیا ہے۔اپوزیشن انتخابی اصلاحات کی طرف نہیں آنا چاہتی، اپوزیشن موجودہ نظام سے مطمئن ہے۔