کراچی: (سچ خبریں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمارا خاندان 3 نسلوں سے کراچی کی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے،’پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ‘ کے تحت شہر کے مسائل کا حل نکالیں گے، صوبہ سندھ کے ساتھ وفاق ہمیشہ سے سوتیلا سلوک کرتا آیا ہے۔
کراچی میں شاہراہ بھٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کردیا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں کراچی کی ترقی کے لیے بے پناہ منصوبے دیئے گئے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل سے اسٹیل مل تک قائد عوام نے شہر کے انفرااسٹرکچر اور صنعتی ترقی، عوام کو روزگار دلوانے میں انقلابی کام کروایا تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو جب بھی حکومت کا موقع ملا انہوں نے کراچی پر خاص توجہ دی، ہمیشہ امن و امان قائم کرنے اور شہر کی عوام کو روزگار دلوانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق میئر مصطفیٰ کمال سے پوچھ لیں کراچی کے لیے سب سے زیادہ فنڈز آصف علی زرداری نے دیئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اس شہر بلکہ پورے صوبے کو ملک سے جوڑے گا، اس کے علاوہ یہ شہر کی عوام کو روزگار بھی فراہم کرے گا، میرے پسندیدہ منصوبے ’شاہراہ بھٹو‘ کو پبلک پرائیوٹ شراکت داری کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت بہت سے منصوبوں کو مکمل کیا ہے، ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو مفت یا کم سے کم قیمت پر سہولت فراہم کی جائے، سندھ حکومت کی وجہ سے 100 روپے کا ٹول ٹیکس رکھا گیا ہے اور امید ہے یہ اتنا ہی رہے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو پاکستان سمیت عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، خواہش ہے کہ اسی منصوبے کے تحت صوبے اور خاص طور پر کراچی کے مسائل کا حل نکالنے کے لیے مذکورہ شراکت داری کو فروغ دینا ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں اس پارٹنرشپ کے تحت شہر کے تمام مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی، صوبہ سندھ کے ساتھ وفاق ہمیشہ سے سوتیلا سلوک کرتی آئی ہے، وسائل کی تقسیم غیر منصفانہ ہے، اگر حق ٹھیک طریقے سے نہیں ملتا تو سہولیات فراہم کرنا بہت مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو متعارف کروایا جو کامیابی سے چل رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے درخواست ہے کہ کراچی کی تاجر برادری کو مطمئن کیا جائے، کاروباری طبقہ دوستی یاری میں کام نہیں کرے گا، اگر ان کو اور شہر کی عوام کو فائدہ دیا جائے گا تو پھر ہم کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کا دیرینہ مسئلہ ہے،اپنی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ کراچی میں اس مسئلے پر زیادہ سے زیادہ ترجیح دی جائے۔