اسلام آباد (سچ خبریں) سیکیورٹی کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاؤس میں مہمانوں اور سیکیورٹی گارڈز کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے لیا گیا ہے تاکہ موجودہ صورتحال میں حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اہم فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت ارکان قومی اسمبلی کے ذاتی اسٹاف پر بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی ہوگی۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود میں اسلحہ لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے،یہ حفاظتی اقدامات سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرکیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ریڈ زون سے مسلح مشکوک شخص کو گرفتار کیا گیا، ملزم کا دہنی توازن درست نہیں تھا اور اس کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات ٹھیک نہیں، ملک بچانے آیا ہوں۔
مسلح ملزم کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی اور اس کے قبضے سے چھری ، زنگ آلود پستول برآمد ہوا ہے، جبکہ پستول میں گولیاں موجود نہیں تھیں۔واقعے کے فوری بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی مکمل تفصیلی رپورٹ طلب کرلی تھی۔