اسلام آباد: (سچ خبریں) فوزیہ صدیقی کی امریکا میں قید اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ایک بار پھر ملاقات طے ہوگئی جس کی تصدیق ان کے وکیل کی جانب سے کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کی جس دوران فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات طے پا گئی ہے، فوزیہ صدیقی 2 اور 3 دسمبر کو عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی، سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہٰ بھی ڈاکٹر فوزیہ کے ساتھ ہوں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے کہا کہ فوزیہ صدیقی کے امریکی وزٹ پر سکیورٹی خدشات تھے جس پر عدالت نے آرڈر کردیا، عدالت نے وزارت خارجہ کو ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وکیل نے بتایا کہ عافیہ صدیقی امریکا کی بدنام زمانہ جیل کے ایک چھوٹے سے سیل میں قید ہیں، عافیہ کو جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وہ جانوروں سے بدتر زندگی گزار رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ فوری ریلیف کے لیے ان کی جیل تبدیل کرائی جائے۔
عمران شفیق کاکہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے امریکا میں وکیل کلائیواسمتھ ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش ہوئے، عافیہ کے امریکی وکیل نے اپنے افغانستان وزٹ سے بھی عدالت کو آگاہ کیا اور وہ افغانستان میں عافیہ کو قید کے دوران مظالم کے حوالے سے ثبوت اکٹھے کررہے ہیں، اس متعلق عدالت کو ابھی سرسری طور پر آگاہ کیا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ پاکستانی سفیر جو عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے جاتے رہے ہیں ان کا بھی ریکارڈ لیا ہے، وزارت خارجہ وہ ریکارڈ دینے کو تیارنہ تھی لیکن عدالتی حکم پر ریکارڈ مل گیا۔
واضح رہے اس سے قبل بھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکا میں قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کر چکی ہیں۔