اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی ویڈیو اور آڈیو مسلم لیگ نون کا وطیرہ بن گیا ہے، فوج اور عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی سازش کی گئی، عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے مریم نواز اگر سمجھتی ہیں کہ وہ آڈیوز ان کا کیس مضبوط کرسکتی ہیں تو عدالت جائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال حکمرانی کے باعث ہر ادارے میں اپنے لوگ بھرتی کیے گئے، دباؤ میں لانے کیلئے اداروں کیخلاف مہم چلائی گئی جس کا مقصد نواز شریف کے مقدمے ختم کرانا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب بھی نواز شریف اور مریم نواز پر مقدمات آخری مراحل پر پہنچتے ہیں تو اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، رانا شمیم نون لیگ کے عہدیدار تھے، ان کو گلگت بلتستان کا چیف جج لگایا گیا اور مرضی کے ایفیڈیوٹ لیے گئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے جائیدادیں بنائیں اور انٹرنیشنل اسکیم میں سامنے آئیں، رسیدیں مانگیں تو آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، مریم نواز اگر سمجھتی ہیں کہ وہ آڈیوز ان کا کیس مضبوط کرسکتی ہیں تو عدالت جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ آخری مراحل میں ہے، پاکستان کی معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں میں کمی کا اثر ملک میں دو ماہ بعد پہنچتا ہے، اس ہفتے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تیل کی قیمتیں مزید نیچے آنے سے مہنگائی کم ہونا شروع ہوگی۔