لاہور (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے نئے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہےکہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوگی، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کا اہم عہدہ بڑی ذمہ داری ہے، پارٹی کارکنان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی میں ایک اہم عہدہ اعزاز بھی ہے اور بہت بڑی ذمہ داری بھی۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں پارٹی کارکنوں اور ووٹرز کی توقعات کے مطابق تحریک انصاف مزید مضبوط تر ہو گی۔ اس پارٹی کے ورکرز اس کا سرمایہ ہیں، جن کی مثال کسی اور پارٹی میں نہیں ملتی۔ واضح رہے چیئرمین تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان نے پارٹی تنظیموں کی تحلیل کے بعد پی ٹی آئی کی نئی تنظیم کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں نئی تنظیم کے حوالے سے بتایاکہ عمران خان کی جانب سے تحریک انصاف کی نئی تنظیم کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر تحریک انصاف کے نئے سیکرٹری جنرل ہوں گے ، پرویز خٹک خیبر پختونخواہ، علی زیدی سندھ، قاسم سوری بلوچستان اور شفقت محمود پنجاب کے صدر ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ خسرو بختیار جنوبی پنجاب کے صدر ہوں گے۔
فواد چوہدری کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عامر محمود کیانی کو پارٹی کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نامزد کیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کارکردگی اور اپنے خاندانوں میں ٹکٹ بانٹنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکز سے لیکر تحصیلوں تک تحریک انصاف کی تمام تنظیموں کو تحلیل کر دیا تھا۔