راولپنڈی: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے امیدوار نامزد کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اور وزیراعظم کیلئے نامزد امیدوار عمر ایوب نے کہا کہ بڑے عرصے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے اور ان کے جذبے بلند ہیں، عمران خان نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے عہدوں کے لیے امیدوار نامزد کردیئے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی کے لیے عامر ڈوگر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے جنید خان کا نام فائنل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لودھراں میں ہماری سیٹ پر دوبارہ گنتی کروا کر شب خون مارا گیا، مجموعی طور پر پی ٹی آئی کی 175 سے 180 سیٹوں پر کٹ مارا گیا ہے، ملکی تاریخ میں اتنی بڑی دھاندلی نہیں ہوئی، الیکشن میں ہونے والی دھنادلی کے خلاف 2 مارچ کو مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے کیوں کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم اس کے خلاف آخری حد تک جائیں گے، ہم انتخابات کے نتائج کے خلاف آخری دم تک احتجاج کریں گے، ثبوت کے طور پر تمام حلقوں کے فارم 45 ہمارے پاس موجود ہیں اور جیت پی ٹی آئی کی ہو گی، ہمارے قائد نے ایک چیز سکھائی ہے کہ آخری دم تک لڑنا ہے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان سے آج ملاقات اچھی رہی، ہم قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں گے، اس کے لیے ہم گرینڈ الائنس کی طرف جارہے ہیں، ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ شفاف الیکشن اور لیول پلیئنگ فیلڈ ہو، جس کے تحت عوام کو حق ہے وہ کہ کسے منتخب کرتے ہیں، ملک کے فیصلے سب کے سامنے ہونے چاہئیں، ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین کی بالادستی ہو، ہم چاہتے ہیں ملک میں ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔